سات جون 2014کو عمران خان کا سیالکوٹ میں جلسہ تھا۔ اسی دن ایک اخبار اور اس کے متعلقہ ٹی وی چینل پر خبر دی گئی
این اے118: نادرا کی جانب سےسربمہر تھیلے کھول کر ووٹوں سے بھرنے کاانکشاف
خبر میں بتایا گیا کہ چیئرمین نادرا امتیاز تاجوراور ڈی جی پروجیکٹ ڈائیریکٹر نے انتہائی خفیہ اندا زمیں تھیلے کھولے، اور مزید ووٹ ڈال کر دوبارہ سربمہر کر دیے۔
این اے 118 ان چار حلقوں میں شامل ہے جن کے نتائج کے خلاف تحریک انصاف احتجاج کر رہی ہے۔ خبر کےمطابق الیکشن ٹریبیونل نے انگوٹھوں کے نشان سے ووٹوں کی تصدیق کے لیے یہ تھیلے نادرا آفس بھجوائے، جہاں نادرا حکام نے تھیلے کھول کر ان میں جعلی ووٹ بھر دیے۔ اور اس دوران سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند رکھے گئے۔
بظاہر تو خبر بہت دھانسو ہے۔ لیکن بہت سے پہلو غور طلب بھی ہیں۔ اگر نادرا حکام نے دو تین تھیلے بھی کھول کر ان میں جعلی ووٹ بھرے ہوں، تو کم سے کم بھی ایک ہزار جعلی ووٹ بھرنے پڑے ہوں گے۔ اس کے لیے حلقے کے ایک ہزار افراد کا تعاون حاصل کیا گیا ہو گا، جو خفیہ طور پرآئیں، جعلی ووٹوں پر انگوٹھوں کے نشان لگائیں اور خفیہ طور پرہی واپس چلے جائیں۔
کیا ایک راز، جو ہزاروں افراد کے درمیان ہو، راز رہ سکتا ہے؟ خبر میں اس بات کا بھی کوئی ثبوت نہیں کہ سی سی ٹی وی کیمرے واقعی بند تھے۔ میڈیا سے متعلقہ دوستوں کو علم ہو گا، کہ ایسی کوئی بھی خبر دینے سے پہلے رپورٹر کو پکے پیروں پر کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اگر کسی کے مکر جانے سے آپ کی خبر جھوٹی پڑ سکتی ہو، تو ایسی خبر نہیں دی جاتی۔ باقاعدہ ثبوت حاصل کیے جاتے ہیں، تاکہ کل کلاں کو اپنی خبر ثابت کرنی پڑ جائے تو آپ کی ساکھ متاثر نہ ہو۔۔۔
خیر، اسی شام عمران خان صاحب نے سیالکوٹ جلسے میں اس خبر کا حوالہ دیا، تو سمجھ آئی۔۔۔خبر نے اور اس کی ٹائمنگ نے بہت کچھ سلجھادیا۔ جو سمجھ نہ آیا، تو مذکورہ اخبار کی اگلے دن کی سرخی دیکھ کر سمجھ میں آ گیا۔۔۔کہ کیسے کسی بات کو خبر بنایا جاتا ہے، اور کیسے کسی خبر کی خبریت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔
شاید میرے تجزیے میں کوئی نقص ہوتا، لیکن 27 جون کو بہاولپور میں عمران خان کے جلسے سے قبل اسی اخبار اور متعلقہ ٹی وی چینل نے ایک اور خبر دی
نادرا نے این اے 118 میں غیر معمولی دھاندلی کو تسلیم کر لیا، 259 تھیلوں میں بوگس مواد کی تصدیق
ذرائع کے مطابق ٹی وی کیمروں سے متعلق بھی جھوٹا بیان لینے کی کوشش کی گئی
بھئی اگر نادرا نے بوگس مواد کی تصدیق ہی کرنا تھی، تو جعلی ووٹ بھرنے کی کیا ضرورت تھی، وہ بھی سی سی ٹی وی کیمرے بند کر کے؟ ہیں جی!
یہ تو شاید پہلی خبر سے ایک سواسی درجے زاویے پر الٹ خبر ہے۔آپ کو خبر سمجھ میں نہ بھی آئی ہو، اس کی ٹائمنگ ضرور سمجھ میں آ گئی ہو گی۔