خواتین ہوں یا انگریزی، خاکسار دونوں سےیکساں گھبراتا ہے۔
کیوں کہ خاکسار کو نہ انگریزی کی سمجھ آتی ہے، نہ خواتین کی۔
انگریزی ہمارے دماغ اور خواتین ہمارے ایمان میں خلل ڈالتی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ کسی محفل میں خواتین کی موجودگی حواس باختہ کردیتی ہے۔ کھانا پینا بھول جاتا ہے۔ نظریں ڈونگوں اور چمچوں کے بجائے جھمکوں اور آویزوں میں اٹکنے لگتی ہیں۔
ایسے میں سالن کے گھونٹ بھرنے لگتے ہیں اور پانی میں نوالہ ڈبو لیتے ہیں۔ کباب سالم کھا جاتے ہیں، اور بسکٹ کو کیچپ لگا لیتے ہیں۔کرنی پڑ جائے تو گفتگو بھی جستجو لگنے لگتی ہے۔
جہاں قائل ہونا ہو، وہاں گھائل ہو جاتے ہیں، جہاں دلیل دینی ہو وہاں غلیل چلانے لگتے ہیں، اورجہاں ہنسنے کا موقع آئے، وہاں ہکلانے لگتے ہیں۔
اب سوچیں، انگریزی اور خواتین سے یکساں پریشان بندے کو انگریزی بولنے والی خواتین سے پالا پڑ جائے۔ہماری حالت غیر ہوتی چلی جاتی ہے،ہم ٹکٹکی باندھ کر ان کی انگریزی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور وہ ہماری حالت کے بجائے ہماری نیت پر شک کرنے لگتی ہیں۔
اوپر سے یہ انگریزی کم بخت بھی اپنی ہی قسم کی انوکھی زبان ہے۔خواتین ہماری کسی بات پر دلچسپی سے کہتی ہیں” اوہ رئیلی”۔ ہمیں لگتا ہے انہیں ہماری بات پر یقین نہیں آیا، ہمیں جھوٹا سمجھ رہی ہیں۔ ہم جواباً کہتے ہیں ہاں ہاں رئیلی۔ اللہ دی قسمے رئیلی۔ اگر بات جھوٹ نکلی تو جو چور کی سزا وہ ہماری۔ لو بتاؤ، دلچسپی ظاہر کرنے کا کیسا طریقہ ہے۔
یہی نہیں۔ کسی بات پر حیران ہوئیں تو جھٹ کہہ دیا، "ڈونٹ ٹیل می۔”ہمیں خفت ہونے لگتی ہےکہ شاید بات بتانے والی نہیں تھی، اور اب ڈانٹ پڑ رہی ہے۔غالب چچا سے معذرت کے ساتھ
بسکہ دشوار ہے انگریزی کا آساں ہونا
آدمی کو بھی میسر نہیں حیراں ہونا
اور تو اور۔۔۔پیار سے کوئی بات کہنے کا انداز بھی نرالا ہے۔اول تو کوئی خاتون ہم سے پیار سے بات کرے تو اس کی ذہنی اور بصری حالت دونوں قابل دست اندازی طبیب ہونی چاہییں، لیکن ہماری بات پر پیار آ ہی جائے تو کہتی ہیں "آؤؤ۔۔شٹ آآپ۔” ہم ندامت کے مارے سرخ ہو جاتے ہیں۔ بعد میں علم ہوتا ہے وہ "بکواس بند کرو” نہیں کہہ رہی تھیں، "بکواس جاری رکھو” فرما رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے: ان کی شکایت
قارئین اس پوسٹ سے محظوظ ہوئے ، اور تبصروں وغیرہ میں حوصلہ افزائی کی تو خواتین اور انگریزی سے ناواقفیت پر مزید بھی لکھنے کا ارادہ ہے۔
بھائی مزید اسی وقت لکھیے جب کوئی خاتون انگریزی میں ہی یہاں تبصرہ کرے۔
پسند کریںپسند کریں
Nice one Babes
پسند کریںپسند کریں
Thank you dear
پسند کریںپسند کریں
شاندارعمیربھائی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پسند کریںپسند کریں
بس آپ گئیر تبدیل کیے بغیر گفتگو جاری رکھا کیجیے۔
پسند کریںLiked by 1 person