افسر بجلی ہوتا ہے

افسر بجلی کی طرح ہوتا ہے۔ یعنی دفتر میں نہ بھی موجود ہو تو اس کے آنے کا دھڑکا لگا رہتا ہے۔ آجائے تو پھر جانے کا انتظار شروع ہوجاتا ہے۔ بجلی کی طرح افسر کی ناراضی بھی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ تاہم  افسر بجلی کی طرح جھٹکا دے بھی سکتا ہے اور جھٹکا کر بھی سکتا ہے۔
بجلی کی مانند افسر کی بھی دوستی اچھی ہوتی ہے، نہ دشمنی۔ ہر ملازمت پیشہ انسان کو افسر نامی ہستی سے ضرور پالا پڑتا ہے۔ اور کسی نہ کسی موقع پر ماتحت رہنے والا شخص خود بھی کبھی افسر بن جاتا ہے۔ البتہ انسان بدل جاتے ہیں، افسری نہیں بدلتی۔  افسران کو ان درجوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
نوکیلے افسر:ایسے افسر گوشت پوست سے نہیں، کانٹوں سے بنے ہوتے ہیں۔ سب سے زیادہ کانٹے ان کی زبان پر ہوتے ہیں اور ماتحت کی روح تک کو زخمی کر دیتےہیں۔
چمکیلے افسر: یہ افسر اندر سے چاہے سیاہ ہوں، باہر سے چمکتے دمکتے نظر آتےہیں۔ خوش مزاج ہوں نہ ہوں، خوش لباس ضرور ہوتےہیں۔ خود کو کسی بڑے ماڈل سے کم نہیں سمجھتے، ناز نخرے بھی ایسے ہی کرتےہیں۔
بھڑکیلے افسر: ایسے افسر اکثر بھڑتے رہتے ہیں یا بھڑکتے رہتے ہیں، یا جھڑکتے رہتےہیں۔ جب یہ تینوں کام نہ کر رہے ہوں، تو پھڑکتے رہتے ہیں۔
ٹھنڈے افسر: یہ افسروں کی قسم نہیں، کیفیت ہے۔ اور بہت کم کم طاری ہوتی ہے، اور عموماً اس وقت طاری ہوتی ہے جب کوئی ماتحت آس پاس نہیں ہوتا۔
میٹھے افسر: یہ افسر بھی کمیاب ہیں، اور تیزی سے ختم ہوتے جا رہےہیں۔ وجہ یہ ہے کہ  جب بھی کوئی میٹھا افسر آتا ہے، نااہل ماتحت اسے میٹھا  رہنے نہیں دیتے۔
کڑوے افسر: افسروں کی یہ قسم باافراط پائی جاتی ہے۔ ان کے تحت کام کرنے والے افراد کو ہر وقت ایسا لگتا ہے وہ کوئی دوائی نگل رہے ہیں۔ بس اس دوائی سے بیماری بڑھ جاتی ہے، کم نہیں ہوتی۔
خواہ مخواہ افسر: یہ افسر ماتحتوں کے برے اعمال کاپھل  ہوتے ہیں، اور خواہ مخواہ افسری جھاڑتے رہتےہیں۔
قدیم افسر: ایسے افسر سال 2015 میں بھی نوکیا 3310 استعمال کرتےہیں۔ ای میل اور فی میل میں تمیز نہیں کر سکتے۔ وائی فائی کو بھی ہائی فائی قسم کی چیز سمجھتے ہیں۔
جدید افسر: جدید افسر گفتگو نہیں کرتے۔۔۔وٹس ایپ کرتے ہیں۔ ماتحت سلام کرے تو جواب نہیں دیتے،  ایس ایم ایس کرے تودیتےہیں۔
گھبرائے افسر: یہ افسر دفتر کے باہر بیوی کی وجہ سے، اور دفتر کے اندر اپنے افسران کی وجہ سے گھبرائے رہتے ہیں۔ اور ان کی وجہ سے سارا دفتر ہی گھبرایا رہتا ہے۔

پس تحریر: افسران چاہے جس قسم کے بھی ہوں، افسری ایک ہی قسم کی چیز ہے۔۔۔ جسے نہ ملے وہ اسے حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ جسے مل جائے اسے مزید افسری کا ہوکا ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صحافیوں کی اقسام

2 thoughts on “افسر بجلی ہوتا ہے

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Connecting to %s