بعد میں دیکھی جائے گی

دفتری ساتھی کو پیٹ میں درد کی شکایت ہوئی۔ بہت دیر تک تو معلوم ہی نہ ہونے دیا۔ جب ہم نے چہرے کی رنگت متغیر دیکھی تو پوچھا کیا معاملہ ہے؟ دل میں سوچا، ہو نہ ہو اس کی وجہ وہ ناشتہ ہے جو صبح نیازی صاحب لائے تھے اور ان صاحب نے اس سے خوب انصاف کیا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ درد بھی بڑھتا گیا۔ ہم نے انہیں دفتر سے چھٹی لے کر ڈاکٹر کے ہاں جانے کی تجویز دی، وہ آمادہ نہ ہوئے۔ شاید انہیں خدشہ تھا کہ ان کی غیر موجودگی میں کام زیادہ بہتر طریقے سے ہو جائے گا۔
بہرحال، کچھ ہمارے سمجھانے اور کچھ تکلیف کے بڑھ جانے پر وہ دفتر سے چھٹی لینے اور ڈاکٹر کے ہاں جانے پر رضامند ہو گئے۔
شام میں ہم نے خیریت دریافت کرنے کو فون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے درد کش انجیکشن لگا دیا تھا اور اب افاقہ ہے۔ ہم نے پوچھا وجہ کی تشخیص ہوئی؟ کہنے لگے ڈاکٹر کے خیال میں گردوں میں پتھری ہے، اسی اندیشے کی جانچ کے لیے کچھ ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔
ہم نے سوچا کہ وہ ڈاکٹر کے پاس گئی تھے، تو تجویز کردہ ٹیسٹ بھی کروا ہی لیے ہوں گے۔ اس خیال سے پوچھا کہ رپورٹ کب آئے گی۔ فرمایا، میں نے چھٹیوں پر جانا ہے، واپسی پر ٹیسٹ کراؤں گا۔۔۔
آپ کی اطلاع کے لیے بتاتے چلیں کہ انہوں نے چھٹیوں پر دس روز بعد جانا تھا، یعنی ٹیسٹ کا معاملہ پندرہ بیس روز کے التواء میں ڈال دیا۔ اور یہ بھی کون جانے کے بعد میں لیبارٹری کا رخ کیا ہی جائے گا۔
اگر تو سوچا جائے کہ وہ اخراجات بچانا چاہتے ہوں گے، تو یہ بات بھی ہضم نہیں ہوتی۔ ایک تو یہ کہ صحت سے متعلق ایک حد تک اخراجات دفتر کی جانب سے ادا کر دیے جاتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ بروقت تشخیص پر اٹھنے والی لاگت، تاخیر سے ہونے والے علاج کے خرچ سے بہرحال کم ہی ہوتی ہے۔
بات بتانے کا مقصد یہ کہ ہمارے سمیت بہت سے لوگ علاج معالجے کے معاملے میں ایسی ہی کوتاہی برتتے ہیں۔ کچھ نہیں ہوتا، خود ہی ٹھیک ہو جائے گا، بعد میں دیکھی جائے گی ۔۔۔ ایسے ہی جملوں سے خود کو تسلی دیتے رہتے ہیں اور معاملہ بگڑتا جاتا ہے۔
ہم نے یہ تحریر اپنے دفتری ساتھی کو قائل کرنے کے لیے لکھی، لیکن اب ان کا کہنا ہے کہ جب تک اسے ایک لاکھ بار شیئر نہیں کیا جائے گا وہ ڈاکٹر کے تجویز کردہ ٹیسٹ نہیں کرائیں گے۔

One thought on “بعد میں دیکھی جائے گی

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Connecting to %s