بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں ‘ایک قوت’ فیصلہ کر چکی تھی کہ نواز شریف کو گھر بھیجنا ہے۔ سپریم کورٹ نے تو بس اس فیصلے پر اپنے دست خط کیے ہیں۔
پانامہ کیس اربوں روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا تھا، لیکن نواز شریف کو سزا چند لاکھ کے اثاثے چھپانے پر سنائی گئی ہے۔ یہ چند لاکھ بھی وہ ہیں جو وصول ہی نہیں کیے گئے۔
اثاثے کی تعریف بھی توجہ طلب ہے۔ اگر میں نے کسی کے لیے کچھ خدمات سرانجام دیں۔ اب اس فرد نے مجھے رقم کی ادائیگی کرنی ہے لیکن تاحال کی نہیں۔ تو کیا وہ رقم، جو ابھی ملی ہی نہیں، میرا اثاثہ ہے؟
کسی چیز کو چھپایا اس صورت جاتا ہے جب سامنے آنے سے نقصان ہو۔ نواز شریف دبئی کمپنی میں چیئرمینی تسلیم کر چکے تھے، تنخواہ وصولی بھی تسلیم کر لیتے تو کچھ پکڑ نہ ہوتی۔ لہذا غیر وصول شدہ آمدن ظاہر نہ کرنے میں غلطی تو ہو سکتی ہے، بدنیتی نہیں۔
اسی بات کو بطور ثبوت پیش کیا جا رہا ہے کہ چونکہ ‘ایک قوت’ ہر صورت نواز شریف کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کر چکی تھی لہذا سپریم کورٹ نے کمزور قانونی جواز تراشتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
بات قرین قیاس تو لگتی ہے، لیکن یہ بھی سوچیے کہ نااہل قرار دینے کے لیے مضبوط جواز کے ہوتے ہوئے کمزور وجہ کیوں استعمال کی گئی؟ الزام منی لانڈرنگ کا تھا نااہل اس رقم پر کیا گیا جو وصول ہی نہیں کی۔ اگر عدالت کہتی کہ نواز شریف اور ان کے بچوں کے اثاثے آمدنی سے زیادہ ہیں، رقم کی ملک سے باہر منتقلی کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے کے شواہد نہیں ملے، عدالت میں پیش کی گئی چند دستاویزات میں رد و بدل کیا گیا ۔۔۔ اس لیے آپ کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور جعل سازی کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی جاتی ہے۔ سوچیے، اگر یہ فیصلہ ہوتا تو کون اس کا دفاع کر سکتا؟ عدالتی کارروائی پر نظر رکھنے والے جانتے ہیں کہ نواز شریف رقوم کی جائز طریقے سے منتقلی ثابت کرنے کے لیے قابل یقین منی ٹریل نہیں دے سکے۔ اس بنیاد پر نااہل قرار دیا جاتا تو فیصلے پر اٹھنے والی انگلیوں کی تعداد کہیں کم ہوتی۔ وزیر اعظم کرپشن پر نااہل ہوتے تو کون ‘ایک قوت’ کا نام لیتا؟
تو کہیں یہ سب ایک سازش تو نہیں؟ کمزور جواز پر نااہلی سے کیا درپردہ شریف خاندان کو فائدہ تو نہیں پہنچایا گیا؟ کرپشن پر گھر بھیجے جاتے تو سیاسی شہادت نہ ملتی، غیر وصول شدہ رقم پر گھر بھیجے گئے ہیں تو سیاسی شہادت کی ہمدردیاں بھی مل گئی ہیں۔
یا پھر سازش یہ ہے اس کی لپیٹ میں دیگر سیاست دانوں کو بھی لایا جائے گا؟
سوچ رہا ہوں کہ اگر سازش ہوئی ہے تو ن لیگیوں کے ساتھ ہوئی ہے یا انسافیوں کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے؟
سازش کرنی ہی تھی تو کئی گنا مضبوط جواز کے ہوتے ہوئے انتہائی کمزور وجہ کیوں تلاش کی گئی؟
اور وہ سازش بھی کیا سازش ہوئی جس کا سب کو پتہ چل جائے؟