میرے پڑوسی کا بیٹا کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کر رہا ہے، میں نے بھی یہی کرنا ہے۔
میرے کزن نے ایم بی اے کیا، میں بھی کر لیتا ہوں۔
میرے دوست کو بینک میں نوکری مل گئی، مجھے بھی مل جاتی تو اچھا ہوتا۔
دوسروں نے جو کچھ حاصل کیا، کیا آپ اسے ہی کامیابی سمجھتے ہیں؟ تو بھائی۔۔ نہ کریں۔
کامیابی کے لیے کرنے والے سات کاموں میں سے پہلا یہ ہے کہ
1۔ آپ کامیاب ہیں یا ناکام۔۔ اس کا تعین کسی دوسرے کو نہ کرنے دیں۔ مثلا کوئی شخص دولت اور شہرت کو ہی کامیابی
سمجھتا ہے۔۔ اور آپ کے پاس یہ دونوں چیزیں نہیں ہیں۔۔ تو ضروری نہیں کہ آپ ایک ناکام انسان ہیں۔
دوسرا جو کچھ حاصل کر چکا۔ آپ کے لیے کامیابی کا معیار وہی نہیں ہونا چاہیے۔ کامیابی کی اپنی ڈیفی نیشن بنائیں۔ جس چیز کو آپ اہم سمجھتے ہیں، اس پر کام کریں۔ دوسروں کے کہنے پر چلیں گے تو کبھی اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکیں گے۔
2۔ دوسروں کو خوش کرنے کی کوشش چھوڑ دیں
جو دوسروں سے ہٹ کر کچھ کرے، وہی کامیاب ہوتا ہے۔ جس کا آئیڈیا سب سے الگ ہو، وہی سب کی توجہ حاصل کرتا ہے۔ لیکن ہم کیا کرتے ہیں، دوسروں کو خوش کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ جو دوسرے کرتے ہیں ہم بھی وہی کرتے ہیں تاکہ وہ ہمیں ری جیکٹ نہ کر دیں۔ مسترد نہ کر دیں۔ ہمارا مذاق نہ اڑائیں۔ بھائی، اگر دوسروں کی مرضی پر چلیں گے تو پھنس جائیں گے۔ آپ کی اپنی شناخت ختم ہو جائے گی۔
لہذا دوسروں کی منظوری لینا چھوڑ دیں۔ جیسے آپ ہیں، ویسے ہی رہیں۔
3۔ دوسرے جو کچھ کر رہے ہیں، آپ اس سے ہٹ کر کچھ کریں
سادہ سی بات ہے، جو دوسرے کر رہے ہیں، آپ بھی وہی کریں گے تو آپ کو بھی وہی ملے گا جو دوسروں کو مل رہا ہے۔
پہاڑ کی چوٹی پر چڑھنا ہے تو مخالف سمت سے آنے والی ہوا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ لہذا آپ
• وہ کریں جو اکثر لوگ نہیں کرتے۔
• وہ کریں جو اکثر لوگوں کو دیوانہ پن لگے
• وہ کہئے جو اکثر لوگوں کو سمجھ نہ آئے
• ایسی چیزوں پر یقین رکھئے جنہیں لوگ نا معقول اور فضول سمجھتے ہیں
گاڑیاں بنانے والے ہنری فورڈ نے کہا تھا، اگر میں لوگوں سے پوچھتا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ تو ان کا جواب ہوتا، ہمیں زیادہ تیز دوڑنے والے گھوڑے چاہییں۔ اگر ہنری فورڈ لوگوں کی باتیں سنتے تو آج فورڈ موٹرز کے چرچے نہ ہوتے۔
لہذا آپ وہ کریں جو کبھی کسی نے نہ کیا ہو۔
4۔ جو کر رہے ہیں۔ وہ کرتے رہیں۔
پہلے فیصلہ کریں کہ آپ ایسا کیا کریں گے جو آپ کی زندگی بدل دے۔ فیصلہ کرنے کے بعد وہ کام شروع کر دیں، اور کرتے چلے جائیں۔ یہ نہ ہو کہ کچھ عرصے بعد بددل ہو کر آپ وہ کام چھوڑ دیں۔
اگر آپ کے پاس ذہانت ہے، ہنر ہے، لیکن استقامت نہیں، تو کوئی فائدہ نہیں۔
یعنی آپ بہت تعلیم یافتہ ہیں، ذہین ہیں، کوئی کام بہت ہی اچھے طریقے سے کر سکتے ہیں۔ لیکن شروع کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد چھوڑ دیتے ہیں، تو آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔
صرف ثابت قدمی اور تسلسل ہی کامیابی ہے۔
لہذا آپ جو بھی ہدف حاصل کرنے کا سوچیں، اپنے لیے جو بھی ٹارگٹ طے کریں۔۔۔ پھر ٹھان لیں کہ آپ وہ حاصل کریں گے چاہے حالات کچھ بھی ہوں۔
شاندار کامیابی زبردست پابندی مانگتی ہے۔
5۔ سیکھنے اور کرنے پر زیادہ وقت لگائیں
جتنا آپ سیکھیں گے، اتنا ہی کامیابی آپ کے قریب آ جائے گی۔
آپ نئی چیزیں سیکھیں، پھر جو سیکھا ہو اسے عملی طور پر استعمال میں لائیں۔
جو لیڈر ہوتا ہے، وہ ریڈر ہوتا ہے۔ یعنی آگے وہی جاتا ہے جو مستقل بنیادوں پر کچھ نہ کچھ نیا سیکھتا رہتا ہے۔
آپ نے بھی کامیابی کا سفر جاری رکھنا ہے تو سیکھنے کا عمل بھی جاری رکھیں۔
کوئی نئی چیز سیکھیں۔ یا جو کام آپ کو پہلے سے آتا ہے اس میں مزید مہارت حاصل کریں۔
پہلے آپ سیکھتے ہیں، پھر آپ کامیاب ہوتے ہیں۔
6. خود پر سرمایہ کاری کریں
خود پر سرمایہ کاری سے مراد ہے۔۔ اپنے آپ کو بہتر بنائیں۔ چاہے وہ لباس ہو، صحت ہو، یا تعلیم ہو۔
کوئی نیا ہنر سیکھیں۔ کسی نئی چیز کے بارے میں جانیں۔
خود پر سرمایہ لگائیں گے تو کامیابی ملے گی۔ کامیابی ملے گی تو پیسہ آئے گا، اور یہ پیسہ آپ دوبارہ سے خود پر لگا سکیں گے۔
7۔ تحفظ کے بجائے آزادی تلاش کریں
کامیابی کا آخری پیمانہ دولت نہیں ۔۔۔ آزادی ہے۔
یعنی آپ کے پاس بہت زیادہ دولت ہے لیکن آپ اپنی مرضی کے مطابق اپنا وقت نہیں گزار سکتے۔ اپنی مرضی کے لوگوں کے ساتھ وقت نہیں گزار سکتے۔ جو کرنا چاہتے وہ نہیں کر سکتے، تو ایسی دولت کا کیا فائدہ؟
لہذا جتنے آپ ازاد ہیں، اتنے ہی آپ کامیاب ہیں۔
اچھا، جو لوگ تحفظ پسند کرتے ہیں، وہ بھی کچھ غلط نہیں۔ ایک محفوظ نوکری کسے اچھی نہیں لگتی۔ لیکن اس صورت ہم نے اپنا تحفظ اپنے ایمپلائر کے ہاتھوں میں دے رکھا ہوتا ہے۔۔
کہنے والے کہتے ہیں کہ آپ کو آزادی ملتی ہے یا تحفظ۔ دونوں چیزیں اکٹھی نہیں مل سکتیں۔
اگر آپ شاندار کامیابی چاہتے ہیں تو آپ کو شاندار انتخاب کرنے ہونگے
فیصلہ کریں کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں
جو کرنا چاہتے ہیں اسے کرتے رہیں یہاں تک کہ وہ کام آپ کی عادت کا حصہ بن جائے