تنخواہوں میں کٹوتیاں اور برطرفیاں، اس صحافت کا کیا بنے گا؟

پاکستانی صحافت پر ایسا دور آیا کہ اپنے ساتھ تنخواہوں میں کٹوتی، بے روز گاری اور بے زاری بھی لایا۔
معاملہ یوں کہ صحافی کئی کئی سال تک ایک ہی تنخواہ پر کام کرتے ہیں۔ میڈیا مالکان تنخواہوں میں سالانہ اضافے پر یقین نہیں رکھتے۔ عہدہ بڑھانے کا تو تصور ہی نہیں۔ لیکن اب تو ایک نیا کام ہوا۔ میڈیا مالکان نے معاشی مسائل کا رونا روتے ہوئے صحافیوں کی تنخواہیں کم کر دیں۔ اندازہ لگائیں، کہ ایک شخص، جس نے اپنی عمر صحافت کو دی۔۔ اس کے گرد مہنگائی کا مینار بلند ہوتا گیا اور وہ سالوں تک ایک مخصوص تنخواہ پر گزارا کرتا رہا، وہ بھی کبھی وقت پر مل گئی، کبھی نہ ملی۔ بجائے اس کی تنخواہ بڑھنے کے، الٹا کم ہو گئی۔
تو میڈیا کو درپیش ان مشکلات کے پیش نظر اب سوچا جا رہا ہے کہ جیسے کارپوریٹ اداروں میں ہر سال تنخواہوں میں اضافہ کیا جاتا ہے، اسی طرح، صحافیوں کے لیے بھی ہر سال تنخواہوں میں کٹ لگایا جائے گا۔
یہ سالانہ کٹ دس، پندرہ یا بیس فیصد ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر میڈیا میڈیا مالک نے کوئی نیا کاروبار شروع کرنا ہو گا، یا اس کے بیوی نے نئی گاڑی لینا ہو گی، یا اس کے بیٹے نے میڈیا اسٹڈیز پڑھنے بیرون ملک جانا ہو گا، تو بطور بونس صحافیوں کی تنخواہ سے مزید رقم کاٹ لی جائے گی۔
اس کے بعد سے صحافی آپ میں اس قسم کی باتیں کیا کریں گے
آپ کی تنخواہ کیا ہے آج کل؟
میں جی پانچ لاکھ پر آیا تھا، آج کل ماشاءاللہ بیس ہزار روپے ہے۔
جب تنخواہ کٹتے کٹتے بالکل صفر رہ جائے گی، تو اگلے مہینے اپنے پلے سے پیسے دے کر نوکری کرنا ہو گی۔
لوگ ایک دوسرے سے حسد کریں گے۔
فلاں تو تیس ہزار روپے دے کر نوکری کر رہا ہے، میرے سے صرف پانچ ہزار لیتے ہیں۔ حالانکہ کام میں اس سے زیادہ کرتا ہوں۔
کارپوریٹ اداروں میں ہر سال تنخواہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ عہدہ بھی بڑھایا جاتا ہے۔ میڈیا میں بھی یہی اصول اپناتے ہوئے ہر سال عہدہ کم کیا جائے گا۔
پہلے کوئی ایسوسی ایٹ پروڈیوسر بھرتی ہوتا تھا اور ترقی پاتے پاتے ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی بن جاتا تھا۔
اب یہ وقت بھی آئے گا کہ ایگزیکٹو پروڈیوسر ہر سال ڈیموٹ ہو ہو کر اے پی بن جائے گا۔
لوگ پوچھا کریں گے، ماشاءاللہ سے کیا ہیں آج کل۔
جواب ملے گا، خیر سے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر ہوں۔ اگلے سال انشاءاللہ سیکیورٹی گارڈ کے درجے پر تنزلی پا جاوں گا۔

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ /  تبدیل کریں )

Connecting to %s