مغیث صاحب! آپ کا اسٹوڈنٹ تو بہت نالائق نکلا

یار! Communicationمیں کوئی کمی رہ گئی۔
جو آنسوؤں کی جھڑی اب لگی ہے، اس وقت بہائی ہوتی۔ گریہ زیادہ کیا ہوتا۔ زیادہ تڑپ کے طلب کرتے۔زیادہ شدت سے سوال کیا ہوتا۔
جسے مغیث صاحب نے ابلاغ پڑھایا، وہ نالائق وقت آنے پر ابلاغ کر نہ سکا۔ ُاس طرح سے مانگ نہ سکا، کہ دینے والا زندگی دے دیتا۔
جب مغیث صاحب کی علالت اور اسپتال لے جانے کی اطلاع ملی تو اللہ جی سے کہا، پلیز! ٹیچر ہیں اپنے ۔ صحت دے دیں ۔ اور یہ دعا کرتے ہوئے دل میں اتنا یقین تھا کہ اللہ جی قبول کر لیں گے۔ میرے مغیث صاحب بہت جلد صحت یاب ہو کر گھر کو لوٹ آئیں گے۔ دعا کے بعد تشویش نہ رہی تھی۔ میری سب دعائیں سننے والا ، یہ کیسے رد کر سکتا تھا۔
پھر معلوم ہوا کہ مغیث صاحب وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اب ذرا تشویش سے رجوع کیا۔ عاجزی اور گڑگڑاہٹ بڑھ گئی۔
لیکن یار، اپنی دعاؤں میں کوئی کمی رہ گئی۔
اس رات پاک کلام کھولا تو آیت بھی کون سی سامنے آئی؛ سورۃ آل عمران کی آیت نمبر 145، "اور اللہ کے حکم کے سواکوئی مر نہیں سکتا۔ ایک وقت مقرر لکھا ہوا ہے۔”
اب یہ پڑھنے کے بعد تو گلہ بھی نہیں کر سکتے۔ رہا صبر، سو کررہے ہیں۔ اپنے مغیث صاحب کے لیےآگے کی منزلیں آسان ہونے کی دعا کررہے ہیں۔ لواحقین کے لیے صبر مانگ رہے ہیں۔
اپنے استاد کے لیے کچھ لکھنے بیٹھا ہے تو اس نالائق سے اب کچھ لکھا ہی نہیں جا رہا۔ کو پڑھنا جاری رکھیں