صاحب، مان لیا نواز شریف اور آصف زرداری کرپٹ ہیں۔ عمران خان ان کے مقابلے میں دودھ کے دھلے ہیں۔ کیا ہوا جو کرپشن الزامات میں گندھے الیکٹ ایبلز کو ساتھ ملا لیا۔ الیکٹ ایبل نہ ہو تو بندہ کس کے کندھے پر چڑھ کر اقتدار کی کرسی تک پہنچے؟ جب خان خود کوئی کرپشن نہیں کرتا تو انہیں بھی نہ کرنے دے گا۔
کیا کہا؟ عمران خان نے اسٹیٹس کو کے خلاف کھڑے ہونے کا نعرہ دیا تھا؟ جی کیا کیجیے۔ خالی خولی نعروں سے تو نہیں ملتی نا وزارت عظمیٰ۔ اقتدار کے مرکز پر قبضہ کیے بغیر تبدیلی بھی تو ممکن نہیں۔ جب طاقت مل گئی تو معاملات اسٹیٹس کو کے مطابق نہیں، اس کے خلاف چلائے جائیں گے۔
اب آپ سوال کریں گے کہ عمران خان نے دوران سفر سمجھوتہ کر لیا، کو پڑھنا جاری رکھیں
Tag Archives: Election
ایک بٹ کی مدح میں
تصویر میں بائیں ہاتھ قیصر بٹ صاحب ہیں (دائیں ہاتھ خاکسار خود ہے)۔ چینل میں ہماری بھرتی کے بعد پہلا ڈی جی پی آر کارڈ انہوں نے ہی بنوایا تھا۔ ارے بھائی ہم کہاں جھنجھٹ پالتے ہیں پاسپورٹ سائز تصویر رکھنے کا، متعلقہ دستاویز، ان کی فوٹو کاپیز، حکام کی تصدیق، شعبہ ہیومن ریسورس کی مہر۔۔۔ کون کرائے یہ سب۔ پھر ان چیزوں کو پہنچانا الگ قضیہ۔ ان الجھنوں کا حل قیصر بٹ صاحب ہیں۔ آپ کو بس تصویر اپنی کھنچوانی ہے، دستاویز یہ آپ کو کہہ کہہ منگوا چھوڑیں گے، باقی کے بکھیڑے یہ خود سمیٹیں گے۔ کارڈ بن گیا تو ڈی جی پی آر کے دفتر سے وصول کر کے آپ تک پہنچائیں گے اور پھر ریلوے کارڈ بنوانے پر اصرار ہو گا۔ فائدے آپ کے ہیں، ہلکان یہ ہوں گے۔
الغرض، ساتھیوں کی خدمت میں خوش رہتے ہیں۔ ان کی پریشانی میں پریشان ہوتے ہیں۔ جب تک ہماری شادی نہ ہوئی تھی، یہ فکر مند رہتے۔ نہ جانے کس خدشے پر کئی بار ہمیں ان حکیموں کے رابطہ نمبر بھی دیے جن سے استفادہ کر چکے تھے۔ شادی کے بعد ہمیں یہ فکر دامن گیر ہو گئی کہ ہمیں باپ بنانے کے چکر میں خود حاملہ نہ ہو جائیں۔
کہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی مدد کے لیے ہر حد کو جائیں گے۔ اور کسی صلے کی تمنا نہ رکھیں گے. شاید دوستوں کی دعاؤں کا اثر ہے کہ ہم سے دس سال زیادہ عمر کے ہونے کے باوجود کم عمر نظر آتے ہیں۔ ان کے سر کے بال جب کہ ہمارے صرف اعمال سیاہ ہیں۔ اب اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرنے کے لیے قیصر بٹ صاحب پریس کلب الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ دلوں پر تو پہلے ہی ان کا راج ہے، انشاءاللہ دوستوں کی محبت ووٹ بن کر بٹ صاحب کے نام سے بکسے بھر دے گی۔ ووٹ اور اسپورٹ سبھی قیصر بٹ کے نام
ایمپرا الیکشن، چند گزارشات
ٹی وی پروڈیوسرز کی تنظیم ایمپرا کے الیکشن ہونے کو آئے ہیں۔ ہر جانب سے ووٹ اسپورٹ ۔۔۔ قول و قرار ۔۔۔ عہد و پیماں ۔۔۔ التجاؤں صداؤں ۔۔۔ کا شور ہے۔
ووٹ مانگنے والوں سے گزارش ہے کہ کیوں نہ آپ ایک ایجنڈا بنا لیں۔ بتائیں کہ آپ کا لائحہ عمل کیا ہو گا۔ کیوں کر آپ کو ووٹ دیا جائے اور دوسرے امیدوار کو نہ دیا جائے۔
ایجنڈے میں صرف دعوے ہی نہ ہوں بلکہ ان کو پورا کرنے کے لیے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا، اس کی تفصیل بھی ہو۔ پچھلے سال فتح پانے والوں نے سال بھر کیا کار ہائے نمایاں سر انجام دیے، اس کی تصریح بھی کر دی جائے۔ نجی محفلوں میں اگر کوئی الزام لگائے جا رہے ہیں تو ان کا ذکر بھی علی الاعلان ہو، تاکہ ملزم کو وضاحت کا موقع ملے۔
خاکسار کی گزارش یہ ہے کہ یہ ووٹ کسی دھڑے بندی، دوستی، یا دباؤ میں مانگا جائے، نہ ہی دیا جائے۔
ہر امیدوار اپنی سوچ، لائحہ عمل کو وضاحت سے بیان کرے۔ تاکہ ووٹر عقل سے فیصلہ کرے، نہ کہ جذبات سے۔
گزارش یہ بھی ہے کہ ان انتخابات کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ نظریاتی اختلاف کو نہ صرف تسلیم کیا جائے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔
اگر آپ کا کوئی دوست آپ کے مخالف دھڑے کو ووٹ ڈالنے جا رہا ہے تو یہ اس کا حق ہے۔ اس کی پسند آپ کی دوستی کی راہ میں حائل نہیں ہونی چاہیے۔
اب تک تو سوشل میڈیا پر یار دوست کسی کی اسپورٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان سے کہنا یہ ہے کہ وہ اپنے امیدوار کو اسپورٹ کرنے کی وجہ بھی بتائیں تاکہ جو اسے نہیں جانتا وہ بھی اپنا ذہن بنا سکے۔
کسی امیدوار کو منتخب کرنے کےلیے معیار کیا ہونا چاہیے؟
کیا اس کا ذاتی حوالے سے اچھا ہونا ہی کافی ہے، یا اس بات کو بھی مد نظر رکھا جائے کہ منتخب ہونے کے بعد وہ کرے گا کیا؟
صحافیوں کے الیکشن
لاہور پریس کلب کے عہدے داروں کے لیے انتخابات مال روڈ والے الحمرا میں ہونا طے پائے اور سارے ملک کو خبر بتانے والے خود ہی خبر بن بیٹھے۔
الحمرا ہال کے باہر بہت سی موٹرسائیکلوں اور خاصی تعداد میں گاڑیوں کا اژدھام ہے۔ اندر جائیں تو بھی خلقت کی خلقت امڈی پڑی ہے۔
بھانت بھانت کا صحافی موجود۔ کوئی سینوں پر پسندیدہ امیدوار کی تصویر چپکائے ہے، کوئی ہاتھوں میں پیمفلٹ تھامے ہے۔ ایک کسی مخصوص امیدوار کو ووٹ ڈالنے کی حکم نما درخواست کر رہاہے، دوسرا یقین دلا رہا ہے کہ ووٹ فلاں کو ہی ڈالے گا۔
ذرا آگے جائیں تو عجیب نظارہ ہے، کہیں دھاندلی کا شور، کہیں الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کی آوازیں، کہیں پولنگ جاری رکھنے کے نعرے، کہیں جعلی ووٹر پکڑنے کے دعوے۔ غرض ایک ہڑبونگ اور بدنظمی ہے۔
اے لو، قلم کا زور لگانے والے زور بازو بھی آزمانے لگے۔ الحمرا کی ادبی بیٹھک کا دروازہ ہی اکھاڑ دیا۔ جن لوگوں نے وہ دیو قامت دروازہ دیکھ رکھا ہے، انہیں انداز ہو گیا ہو گا کہ ایسی چیزیں معمولی دھکوں سے نہیں ٹوٹتیں۔ کاش ایسے زور آور صحافی اگلے وقتوں کے بادشاہوں کو نصیب ہوتے، قلعوں کے مرکزی دروازے ایک ہی ہلے میں توڑ دیا کرتے۔ کو پڑھنا جاری رکھیں