علاج

کہاں مصروف ہو آج کل؟
بس یار کیا بتاؤں
ارے ہاں، تم تو ماہر نفسیات کے پاس جا رہے تھے نا، کیا تشخیص کی اس نے
کچھ نہیں، بس کہتا ہے میں بہت زیادہ workaholic ہوں۔
وہ کیا ہوتا ہے؟
جسے کام کا بہت شوق ہو۔
پھر کیا علاج ہے مرض کا
علاج تو اس نے نہیں بتایا، لیکن ماہر نفسیات کی فیس بھرنے کے لیے آج کل دو نوکریاں کر رہا ہوں

#منقول

پرانا کچھوا نیا خرگوش

چڑیا گھر کی سیر کو گئے تو کچھوے سے ملاقات ہوئی۔ وہ اسی رفتار سے چل رہا تھا جس رفتار سے کئی سال سے ہماری تنخواہ چل رہی ہے۔۔۔ یعنی ایک ہی جگہ کھڑا تھا۔
ہم نے پوچھا، بھئی کہانی میں تو آپ مستقل مزاجی سے چلتے رہتے ہیں اور ریس جیت جاتے ہیں، یہاں خرگوش کی طرح لمبی تان کر کیوں سو رہے ہیں؟
کچھوا مایوسی سے بولا، بھائی عمیر! میں چلتا رہوں یا رک جاؤں۔۔۔ منزل مجھے ملنی ہے نہ ہی خرگوش کو۔
قریب کے پنجرے میں خرگوش بھی ہماری باتیں سن رہا تھا۔ کہنے لگا، منزل چاہے نہ ملے لیکن چھلانگیں وغیرہ لگانے سے بندے کی ٹور شور بن جاتی ہے۔
ساتھ والے پنجرے سے بندر بولا، چھلانگیں تو میں بھی بڑی بڑی لگاتا ہوں، میری ٹور کیوں نہیں بنتی؟
خرگوش نے کہا، جو ایک ہی جگہ کھڑا ہو کر چھلانگیں لگاتا رہے، اس کی ٹور نہیں بنتی۔۔۔ جو چھلانگ لگا کر آگے بڑھ جائے اس کی بن جاتی ہے۔

ہیڈ لائن

کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہو رہا تھا۔
میں نے سرخی نکالی
کشمیریوں کے لیے پاکستانی قیادت متحد
لیکن عمران خان نے تو اس اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے؟
یہ سوال کھدبداتا ہوا آن کھڑا ہوا۔
میں نے ہیڈ لائن تبدیل کر دی
کشمیریوں کے لیے پاکستان کی سیاسی قیادت متحد

اجر

ہوٹل ‘مکافات’ گئے ہو کبھی
کیا بہت اچھا مینیو ہے اس کا؟
ارے مینیو تو ہے ہی نہیں
جو عمل کیا ہو، اس کا پھل کھانا
پڑتا ہے

آسان حل

ایک چینل کا صحافی اور اسی چینل کے شعبہ آئی ٹی میں
کام کرنے والا۔۔۔ گاڑی میں کہیں جا رہے تھےکہ ٹائر پنکچر ہوگیا
صحافی نے کہا، نیوز روم فون کر کے ٹکر لکھواتا ہوں، مسئلہ حل ہو جائے گا
آئی ٹی والا کہنے لگا۔۔۔ایک دفعہ گاڑی ری اسٹارٹ کر کے نہ دیکھ لیں۔۔

ناشکرے

یار وہ جو افسر ہے نا
کون؟ وہ داڑھی والا؟
ہاں یار وہی سڑیل۔ بہت ہی برا افسر ہے
ٹھیک کہتا ہے یار۔جو کام لے کر جاؤ، اس میں سے کیڑے نکال لیتا ہے
کیڑے نہ نکالے تو اپنی افسری کیسے دکھائے
اور وہ جو افسر ہے نا۔۔۔
وہ گنجا؟
ہاں، بال جھڑ گئے، مگرافسری نہ آئی
پتہ نہیں کس نے اسے افسر لگا دیا ہے، جیسا بھی کام لے کر جاؤ، اسے منظور کر لیتا ہے
ہنہ، کام آتا ہو گا تو کیڑے نکالے گا نا

مختصرترین کہانی ۔ ہٹ

کرکٹر نے میچ کے دوران سیلفی لی
اور فیس بک پر شائع کر دی
دھڑا دھڑ لائیک آنے شروع ہوگئے
کئی نے تصویر شیئر بھی کی
کرکٹر ہٹ تو نہ لگا سکا
سیلفی ضرور ہٹ ہو گئی

مورال

فوجی سربراہ اپنے جرم کی سزا پائے
تو فوج کا مورال گرتا ہے
یہی سربراہ عوامی حکومت کا تختہ الٹے
تو قوم کا مورال بھی گرتا ہو گا؟

چندہ

چندہ جمع کرنے کےلیے دو بکسے دھرے تھے

ایک بکسے میں پیسے ڈال کر آپ مجاہدین اسلام کی مدد کرسکتے تھے

دوسرا بکسہ معذور افراد کی مدد کے لیے تھا

ایک بکسے میں نوٹ ہی نوٹ تھے

دوسرا کسی کم نصیب کی جیب کی طرح خالی پڑا تھا